خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران کے پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ ایران میں جرائم کے ذمہ داروں کے لیے دنیا میں کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہوگی، جنگ کا بڑا حصہ گزر چکا ہے تاہم ابھی ایک بڑا مرحلہ باقی ہے۔
احمد وحیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کی صفوں میں شکست، مایوسی، ناامیدی اور بدحواسی پھیل چکی ہے، دشمن نے چند روز میں ایران کو زیر کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ دو ہفتوں میں ایرانی نظام کے خاتمے کی پیش گوئی بھی پوری نہ ہوسکی۔
ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ایران کو تبدیل کرنے نکلنے والے خود تبدیل ہوگئے، ایران کے خلاف بھاری فوجی وسائل اور جدید اسلحہ استعمال کیا گیا، لیکن دشمن کی جانب سے مدد طلب کرنا اس کی ناکامی کا اعتراف ہے۔
احمد وحیدی کے مطابق ایرانی بحریہ کی عملی موجودگی خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے آگے تک پھیل چکی ہے، جبکہ ایرانی بحریہ کی صلاحیتوں کے باعث غیر ملکی افواج 500 سے 600 کلومیٹر دور رہنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی جزائر اور ساحلی علاقوں پر قبضے کی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں، جبکہ ایران کے شمال مغربی اور جنوب مشرقی علاقوں میں بھی دشمن کے منصوبے کامیاب نہیں ہوسکے۔