اسٹاک مارکیٹ میں 299 پوائنٹس کی کمی، ڈالر مہنگا

Last Updated On 05 December,2018 08:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسٹاک مارکیٹ میں 299 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 303 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔

بگڑتے معاشی حالات کے اثرات اسٹاک مارکیٹ اور روپے کی قدر میں کمی کی صورت میں نظر آنے لگے، کاروباری دن کے آغاز میں اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوران ٹریڈنگ مارکیٹ میں 800 پوائنٹس سے زائد کی کمی بھی دیکھی گئی، مگر اختتام پر مارکیٹ 299 پوائنٹس کی کمی کے بعد 39 ہزار 303 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب ڈالر کی طلب بڑھ جانے کے سبب انٹر بینک میں ڈالر 86 پیسے اضافے سے 138 روپے 60 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے اضافے سے 138 روپے 70 پیسے پر فروخت ہوا، ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 90 ارب روپے کا مزید اضافہ ہو گیا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارہ اور قرض و سود کی ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا رجحان جاری ہے جس کے باعث ایک طرف تو روپیہ کمزور ہو رہا تو دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ سرمایا کار شیئرز کی خریداری کے بجائے اس کی فروخت میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

 

 

 

 

Advertisement