ابو ظہبی:پاکستانی اوپنرامام الحق فرگوسن کا باؤنسر لگنے سے زخمی

Last Updated On 11 November,2018 07:54 pm

ابوظہبی (اویب ڈیسک) پاکستان بلے باز امام الحق نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور ریٹائرڈہرٹ ہو کر میدان سے چلے گئے بعدازاں انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ ابوظہبی میں کھیلا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کو سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازم ہے۔

پاکستانی بلے بازوں نے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان نے جب 12 ویں اوور میں بنا کسی وکٹ کے نقصان کے 54 رنز بنائے، تو اس موقع پر کیوی گیند باز کی گیند سر پر لگنے کے باعث امام الحق زمین پر گر پڑے اور کچھ لمحوں کیلئے بے ہوش بھی ہو گئے۔ بعد ازاں انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔ امام الحق کو مزید معائنے کیلئے ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جورج وورکر اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے منرو کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ہی کپتان کین ولیمسن کو رن آؤٹ کرکے کیویز کی مشکلات میں اضافہ کردیا، ولیمسن ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد وورکر اور روس ٹیلر کے درمیان 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جارج وورکر کو محمد حفیظ نے 28 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 16 ویں اوور میں گری جب کیوی بلے باز لیتھم ان فارم گیند باز شاہین شاہ آفریدی کے ان سوئنگ یارکر پر صرف 1 رن بنا کلین بولڈ ہوئے۔

پانچویں وکٹ پر راس ٹیلر اور نکولس نے 75 رنز جوڑ کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے کی کوشش کی تاہم حسن علی نے نکولس کو 33 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کرکے خطرے کو ٹال دیا،جب کہ آنے والے بیٹسمین گرینڈ ہومے 3 اور ساؤتھی 13 رنز پر چلتے بنے، سوڈھی نے 13، بولٹ اور فرگوسن نے ایک ایک جب کہ تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر نے 86 رنز کی باری کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،حسن نے 2، حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تین میچز پر مشتمل سیریز میں کیویز کو قومی ٹیم پر 0-1 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس کو سیریز بچانے کے لیے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں کیویز ٹیم ٹرافی کی حق دار ٹھہرے گی۔آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ قومی ٹیم میں جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے، وہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں۔
قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ کے لیگ اسپنر ٹوڈ ایسٹل انجری کا شکار ہونے کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے وطن واپس روانہ ہوگئے، جب کہ آج کے میچ کے لیے کیویز ٹیم جارج وارکر، کولن منرو، کپتان کین ولیمسن، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نیکولس، کولن گرینڈ ہوم، ٹم ساؤتھی، ایس سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔

Advertisement