پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے کھلنے کے آثار واضح

Last Updated On 19 August,2019 03:31 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) سری لنکا کرکٹ بورڈ کی سکیورٹی ٹیم نے دورہ پاکستان کی انتہائی مثبت رپورٹ پیش کر دی۔ لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ میچز کھیلے جانے کے امکانات روشن ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 10 سال بعد عالمی کرکٹ کی بحالی کے آثار واضح ہونے لگے ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکا کرکٹ بورڈ کی سکیورٹی ٹیم نے انتہائی مثبت رپورٹ دی ہے جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر سب کچھ پلان کے مطابق چلتا رہا تو مارچ 2009ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو جائے گی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز اگرچہ نیوٹرل وینیو پر شیڈول تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو یہ سیریز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز دی۔

اس کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے موہن ڈی سلوا کے زیر سربراہی اپنا سکیورٹی وفد پاکستان بھیجا تھا جنہوں نے لاہور اور کراچی کا دورہ کر کے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ ہمیں سکیورٹی ٹیم نے مثبت رپورٹ دی ہے اور کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے قبل پی سی بی سے مختلف معاملات پر بات کر

رہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں اپنی حکومت سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ سری لنکن بورڈ کیلئے ممکنہ طور پر سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنا ہوگا۔

سری لنکا کی ایک ٹیم نے اکتوبر 2017ء میں لاہور میں ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا لیکن اس میں بھی اس وقت کے سری لنکن کپتان اپل تھرنگا، لیستھ ملنگا سمیت متعدد نامور کھلاڑیوں نے شرکت نہیں کی تھی۔

یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا تھا اور اس کی بدولت پی سی بی کو دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی دعوت دینے میں مدد ملی تھی اور کئی پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔
 

Advertisement