ماہرہ خان کا عاصم رضا کی فلم میں کام کرنے سے انکار

Last Updated On 24 September,2018 01:51 pm

کراچی (روزنامہ دنیا )ماڈل و اداکارہ ماہرہ خان کا ہدایتکار عاصم رضا کی فلم نہ کرنے کا راز فاش ہوگیا۔ فلم ''ہومن جہاں'' کرنے کے بعد وقفہ آجانے کے باوجود ماہرہ خان ،عاصم رضا کی نئی فلم ''پرے ہٹ لو'' کرنے کی حامی بھر چکی تھیں جس کی شوٹنگ کا آغاز اگست 2018 میں کیا جانا تھا۔

ماہرہ کی وجہ سے فلم کا شیڈول ستمبر 2018 کے دوران ترتیب دیا گیا، اس کی تیاریاں بھی مکمل ہوچکی تھیں کہ اچانک ماہرہ نے شیڈول کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا جس پر فلمساز نے مایا علی کو کاسٹ کرلیا ۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ ماہرہ خان ،مومنہ درید کی نئی فلم کی آفر کو رد نہ کرسکیں کیونکہ وہ اس سے قبل ان کی ایک ڈرامہ سیریل میں ٹال مٹول کرنے کی بنا پر الگ ہو چکی تھیں اور وہ یہ موقع کھونا نہیں چاہتی تھیں۔

ماہر ہ ،مومنہ درید کی فلم   بن روئے   بھی کرچکی ہیں۔ اس بار وہ نئی فلم   سپر سٹار   کر رہی ہیں جس کی ہدایات احتشام الدین دے رہے ہیں۔ اس میں پہلی بار عاطف اسلم اور اذان سمیع خان ایک ساتھ گیتوں کو سروں کا روپ دیں گے، ماہرہ خان اور بلال اشرف پہلی بار ایک ساتھ مذکورہ فلم میں ہیں۔

دوسری جانب ماہرہ کی فلم   مولا جٹ 2    مکمل ہوچکی ہے جس میں وہ فواد خان کیساتھ جلوہ گر ہونگی، ادھر عاصم رضا کی فلم کے حوالے سے ماہرہ خان سے رابطہ کرنا چاہا لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔
 

Advertisement