بگ باس جیتنا دپیکا کو مہنگا پڑ گیا، تیزاب سے جلانے کی دھمکیاں

Last Updated On 09 January,2019 02:36 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی مسلمان اداکارہ دپیکا کاکڑ کو بگ باس سیزن 12 جیتنے پر تیزاب سے جلانے کی دھمکیاں ملنے لگیں، اداکارہ کی فتح سابق بھارتی کرکٹر شری سانت کے مداحوں کو ہضم نہیں ہو رہی جو اس سیزن میں دپیکا سے شکست کھا کر دوسری پوزیشن پر آئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شو کے اصلی ونر شری سانت تھے لیکن چینل انتظامیہ نے دپیکا کو جتوانے کے لیے دھاندلی کی ہے کیونکہ دپیکا اسی چینل کے ایک مقبول ترین شو کی ہیروئن رہ چکی ہیں۔ شری سانت کے ایک مداح نے تودپیکا سے نفرت میں ہر حد پار کرتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا پر تیزاب سے جلانے کی دھمکی دے ڈالی۔

دپیکا کاکڑ کے مداح نے اس سوشل میڈیا پیغام کو ممبئی پولیس کو ٹیگ کرکے پولیس کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے اور اس دھمکی کے خلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے، جب کہ دپیکا نے بھی دھمکی پر مشتمل پیغام کو فارورڈ کیا ہے۔

دوسری جانب شری سانت کی بیوی نے دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اور شری کو پورا یقین ہے کہ شری کا کوئی مداح ایسی حرکت نہیں کرسکتا یہ شخص کوئی اورہی ہے جو خود کو میرے شوہر کا مداح ظاہر کرکے دپیکا کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ دپیکا کاکڑ نے گزشتہ برس مسلمان اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کرنے اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے تصدیق کی تھی۔

 

Advertisement