اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے، جس کام کے لیے آئے ہیں اپنی وہ ذمہ داری پوری کرینگے، الیکشن انشاء اللہ وقت پر ہوں گے۔
ایوانِ صدر میں نگران وزیرِاعظم کا حلف اٹھانے کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جو مینڈیٹ ملا ہے اس کے مطابق کام کروں گا۔ انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے اس کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کی جائیگی تا کہ بروقت اور شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا الیکشن انشاء اللہ بروقت ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں: ناصر الملک نے نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا
نگران وزیرِاعظم کابینہ چھوٹی رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کا اعلان صلاح مشورے کے بعد کیا جائے گا، تاہم وفاقی کابینہ مختصر ہو گی۔ انہوں نے ایوانِ صدر میں مختلف شخصیات اور سفیروں سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل ایوانِ صدر میں نگران وزیرِاعظم کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونیوالے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز، چئیرمین سینیٹ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سابق وفاقی وزرا، مسلم لیگ نواز کے رہنما، اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔