بجلی کی بڑھتی ہوئی بندش، تحریکِ انصاف کا ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

Last Updated On 10 June,2018 11:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی بندش کیخلاف ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ کیخلاف منگل کو ملک بھر میں بیک وقت احتجاج کیا جائے گا۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے یونین کونسل کی سطح تک احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔

عمران خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کو بجلی جیسی بنیادی سہولت کی عدم فراہمی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ نواز شریف اور ان کی حکومت نے جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے میں پانچ برس صرف کئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے ڈھنگ کا ایک قدم نہیں اٹھایا۔ نگران وزیرِاعظم بلا تاخیر مداخلت کریں اور صورتحال میں بہتری کیلئے تدبیر کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ نگران وزیرِاعظم گردشی قرضوں اور بجلی کی حقیقی صورتحال بھی قوم کے سامنے رکھیں۔ قوم کو علم ہونا چاہیے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوؤں کی حقیقت کیا ہے؟ اور کون اس بحران کا ذمہ دار ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ بجلی میں خود کفالت کیلئے پن بجلی سمیت دیگر سستے اور دیرپا پیداواری وسائل پر منتقلی کی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ نگران حکومت عوام کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
 

Advertisement