اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو اپنی انتخابی مہم خود چلانے کی ہدایت کردی، عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت سے ضمنی الیکشنز میں مداخلت کی توقع نہ رکھی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں ضمنی الیکشنز میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواران شریک ہوئے۔ اجلاس میں امیدواروں نے عمران خان کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ حلقہ این اے 131 لاہور کے امیدوار ہمایوں اختر نے ضمنی انتخاب میں پولیس اور بیوروکریسی کی مداخلت کی شکایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے حامی افسران انتخابی مہم پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سے ضمنی انتخابات میں مداخلت کی امید نہ رکھیں، امیدوار ڈور ٹو ڈور اپنی انتخابی مہم خود چلائیں اور پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔ حکومت ضمنی انتخابات میں کسی حلقے پر اثر انداز ہوگی نہ مداخلت کرے گی۔ وزیراعظم نے ہر امیدوار سے فردا فردا اس کی انتخابی مہم کے بارے میں بھی دریافت کیا۔