اسلام آباد: (دنیا نیوز) ضمنی انتخاب کے موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ضمنی الیکشن 2018 صرف چند گھنٹے کی دوری پر، الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں مکمل کرلیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا میدان سجے گا اور 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ قومی اور پنجاب اسمبلی کے 11،11 حلقوں، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
ضمنی انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کا ووٹ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں درج ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان بھی ضمنی انتخاب کے موقع پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور ووٹ کاسٹ کریں گے۔ حلقہ این اے 53 میں تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز اعوان ہیں۔