اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ضمنی انتخاب، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرنیٹ ووٹنگ ہوگی۔ بلوچستان کے ایک حلقے میں صرف ایک اوورسیز ووٹر ہونے کی وجہ سے آرٹیکل 226 کی خلاف ورزی کا خدشہ ہے۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرنیٹ ووٹنگ ہوگی، بلوچستان کے ایک حلقے میں صرف ایک سمندر پار پاکستانی ووٹر ہے جو انٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرے گا، جس کی وجہ سے ووٹ کی رازداری فاش ہونے کی وجہ سے پہلی بار سرکاری سطح پر آئین کے آرٹیکل 226 کی خلاف ورزی کا خدشہ ہے۔
آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ووٹ کی راز داری کو فاش نہیں کیا جا سکتا مگر بلوچستان کے حلقہ پی بی 35 میں صرف ایک ہی سمندر پار پاکستانی رجسٹرڈ ہے۔ ووٹ کاسٹ ہونے کی صورت میں معلوم ہوسکے گا کہ اس ووٹر نے کس کو ووٹ دیا۔ یوں ووٹ کی رازداری فاش ہوجائے گی جو خلاف آئین ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 204 سمندر پار پاکستانی ایسے ہیں جو پاکستان بیٹھ کر ووٹ کاسٹ کریں گے۔ انٹرنیٹ ووٹنگ پر رجسٹریشن کے بعد فزیکل ووٹر لسٹوں سے نام نکلنے کے باعث اب یہ ووٹرز پولنگ اسٹیشن پر نہیں جاسکیں گے۔ ان ووٹرز نے ووٹ ڈالنے کیلئے پاکستان میں موجود ہونے کے آپشن کا انتخاب کیا تھا۔