پشاور: (روزنامہ دنیا) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ پی کے 71 پشاور کے ضمنی انتخاب کی ٹکٹ ان کے بھائی کو دینے کا فیصلہ درست نہیں تھا، وہ یہ غلطی تسلیم کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت نظریاتی کارکن موروثی سیاست کے خاتمے پریقین رکھتے ہیں،پارٹی سطح پر بھی موروثی سیاست کی حوصلہ شکنی کریں گے ۔
وہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں اپنے خاندان کے کسی فرد کو پارٹی ٹکٹ دینے کی سفارش نہیں کریں گے ۔
واضح رہے کہ پی کے 71 پشاور میں اے این پی نے میدان مار لیا تھا ، کھلاڑی ذوالفقار خان کو شکست ہوئی۔
آر ٹی ایس کے ذریعے موصول ہونیوالے تمام 86 پولنگ سٹیشنز کے نتائج مطابق اے این پی کے امیدوار صلاح الدین 11224 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوئے۔
ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے ذوالفقار 9755 ووٹ کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ خیال رہے کہ گورنر شاہ فرمان کی خالی کردہ نشت پر ان کے بھائی ذوالفقار خان نے انتخاب لڑا، پی ٹی آئی ضمنی انتخاب کے دوران پشاور سے دوسری نشست ہاری ہے۔