میڈیا ہاؤسز پر حملے کا کیس: فاروق ستار سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد

Last Updated On 03 November,2018 02:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 22 اگست کو میڈیا ہاؤسزپر حملے اور جلاو گھیراؤ کے دو کیسز میں اہم پیشرفت ہوگئی، انسدادہشتگردی کی عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان سمیت 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، بانی ایم کیوایم کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے جبکہ 7 ملزموں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

 انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 22 اگست کو میڈیا ہاوسز پر حملے اور جلاو گھیراؤ کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، کنورنوید جمیل سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی، تمام ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

عدالت نے 5 صفحات پر مشتمل فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس کے مطابق ملزمان نے اشتعال انگیز تقریر کیلئے سہولت فراہم کی۔ فرد جرم میں کہا گیا کہ مفرور بانی ایم کیوایم نے کراچی پریس کلب کے باہر ملکی سالمیت کیخلاف تقریر اور بغاوت کا اعلان کیا جس میں آپ نے سہولت کاری کی۔ ملزمان نے کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر تھے نہ ہی قائد کی تقریر سنی۔

میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ تقریرکے بعد وہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسران اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 

Advertisement