ایم کیو ایم میں فاروڈ بلاک کی تصدیق، قیادت کو حکومت چھوڑنے کا مشورہ

Last Updated On 22 October,2018 05:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ میں فاروڈ بلاک کی تصدیق ہو گئی۔ ایم کیو ایم کے ناراض رہنماؤں نے خالد مقبول صدیقی کو حکومت چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

رابطہ کمیٹی کے سابق رکن شاہد پاشا نے کہا ہے کہ پارٹی میں برائی کی وجہ سے عوام ایم کیو ایم سے نارض ہیں، پارٹی میں اینٹی کرپشن یونٹ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ناراض رہنماؤں کامران ٹیسوری اور شاہد پاشا نے پریس کانفرنس کی اور الیکشن میں شکست کی اصل وجہ پارٹی میں کرپشن کو قرار دے دیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی سے ملنے کو تیار ہیں لیکن ایم کیو ایم فوری طور پر حکومت سے باہر آ جائے۔ رابطہ کمیٹی کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے عوام ناراض ہیں، موٹر سائیکلوں پر آنے والے لوگ آج بنگلوں کے مالک بن گئے ہیں۔

شاہد پاشا نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے بجائے رہنماؤں کی بنیادی رکنیت ہی ختم کر دی جائے، اس تمام تر صورتحال میں پارٹی میں احتساب کمیٹی بنانے کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ناراض رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی سازش تیار ہو گئی ہے، ان کے پاس صرف 8 مہینے ہیں۔

 

Advertisement