ضمنی الیکشن پی پی 168: پیپلز پارٹی کا ن لیگ کی حمایت کا اعلان

Last Updated On 23 November,2018 04:38 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا ) پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں قربت مزید بڑھنے لگی ،پیپلز پارٹی نے پی پی 168 کے ضمنی الیکشن میں امیدوار نہ لانے کا فیصلہ کرلیا، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کریگی۔

جبکہ حلقے کی اعوان برادری نے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسدعلی کھوکھر کی حمایت کا اعلان کردیا۔دوسری جانب ن لیگ کے مقامی رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر کے پی ٹی آئی امیدوار کو حمایت کی بھرپور یقین دہانی کرادی ۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسد علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس ضمنی الیکشن میں شکست مسلم لیگ ن کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے، وہ اس حلقے سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر پی پی 168 سے خواجہ سعد رفیق نے تقریباً 34114 ووٹ لے کر پی ٹی آئی کے امیدوار محمد فیاض بھٹی کو شکست دی تھی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار صرف 14940 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں این اے 131 کے معرکہ میں سعد رفیق نے قومی اسمبلی کی نشست پر فتح حاصل کرنے کے بعد پی پی 168 کی سیٹ چھوڑ دی۔