کراچی: شادی ہال مالکان کا کل سے تمام ہالز بند رکھنے کا فیصلہ

Last Updated On 26 January,2019 05:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں شادی ہال مسمار کرنے کے معاملے پر میرج ہال ایسوسی ایشن ڈٹ گئی، کل سے تمام ہالز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے نوٹسز دیئے جانے پر آل کراچی شادی ہال ایسوسی ایشن نے اتوار (27 جنوری) سے شہر کے شادی ہال بند کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے نوٹس دینے کی کارروائی تیز کی اور ضلع شرقی اور وسطی میں 50 فیصد پلاٹس کو کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔

حکام کے مطابق ایس بی سی اے پیر (28جنوری) سے آپریشن شروع کرے گی۔ نوٹس ملنے کے بعد شادی ہال مالکان آج سوک سینٹر میں واقع ایس بی سی اے کے مرکزی دفتر پہنچ گئے اور احتجاج کیا۔

بعدازاں سوک سینٹر میں موجود سیکیورٹی عملے کی مداخلت پر مظاہرین منتشر ہوگئے جس کے بعد شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وفد کے ایس بی سی اے حکام سے مذاکرات ہوئے جو ناکام ہوگئے۔شادی ہالز ایسوسی ایشن نے مذاکرات ناکام ہونے پر کل سے شادی ہال بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں میرج ہالز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا اجلاس بھی جاری ہے۔ سیکریٹری میرج ہال ایسوسی ایشن کے مطابق شہر میں 550 شادی ہال ہیں، جہاں کل سے شادی کی تقریبات ملتوی ہونگی۔