کوئٹہ سے اغوا نیورو سرحن ابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر پہنچ گئے

Last Updated On 30 January,2019 01:17 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سے اغوا کئے گئے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر پہنچ گئے، چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے تصدیق کر دی۔

 ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو 13 دسمبر کو کوئٹہ سے اٖغوا کیا گیا تھا، اغوا کار 48 روز بعد کل انہیں کراچی چھوڑ گئے جہاں سے ان کو کوئٹہ پہنچنے میں 10 گھنٹے لگے، جب وہ گھر پہنچے تو خوشی کا سماں تھا انہیں گلدستے پیش کئے گئے اور میٹھائیاں تقسیم کی گئیں، گھر میں دوستوں کا بھی تانتا بندھ گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر ابراہیم خلیل نے ڈاکٹرز برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے گھر واپس پہنچ گیا ہوں، اہل خانہ اور رشتہ داروں کے درمیان آکر خوش ہوں، ڈاکٹرز برادری کا بے حد مشکور ہوں، کمزوری محسوس کر رہا ہوں، زیادہ بات نہیں کر سکتا۔

صدر پی ایم اے ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا ڈاکٹر خلیل کی طبعیت ٹھیک نہیں، ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا خدشہ ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم تاوان کے ادائیگی کے بعد ہی گھر پہنچے، ماضی میں بھی ڈاکٹرز تاوان کی ادائیگی کے بعد ہی گھر پہنچے ہیں۔ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغواء کے خلاف ڈاکٹرز نے بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی کا کئی روز سے بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

 ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی میڈیا سے گفتگو، ویڈیو دیکھیں:

Advertisement