سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج، ایوان مچھلی بازار بن گیا

Last Updated On 05 March,2019 09:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج پر ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ احتجاج جاری رکھنے پر اجلاس ملتوی کیا تو اپوزیشن نے اسمبلی کی سیڑھیوں پر ہی عوامی اسمبلی کا اجلاس سجا دیا۔

سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والا سندھ اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث لمحوں میں نمٹا دیا گیا۔ ایوان میں وقفہ سوال اور جواب سے قبل ایم کیو ایم کے محمد حسین نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہی تو سپیکر نے انہیں اجازت نہیں دی۔

اس موقع پر سپیکر آغا سراج محمد حسین اور امتیاز شیخ میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ احتجاج پر سپیکر نے دس منٹ کے لیے اجلاس ملتوی کیا تو اپوزیشن اراکین نے ایوان میں سپیکر ڈائس کے سامنے ہی دھرنا دے دیا۔

صورتحال بگڑنے پر سپیکر سندھ اسمبلی کو اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ ایم کیو ایم کے محمد حسین کو سپیکر بنا کر عوامی اجلاس اسمبلی کی سیڑھیوں پر سجا لیا۔ اپوزیشن اراکین نے سپیکر کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کی بیڈ گورنس کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔

تمام معاملے میں تحریک لبیک اور ایم ایم اے اپوزیشن کے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں جبکہ اجلاس کی مزید کارروائی جمعرات کی دوپہر دو بجےتک کے لیئے ملتوی کر دی گئی۔
 

Advertisement