لاہور میٹروبس کی لاگت پر نون لیگ کا دعویٰ درست ثابت

Last Updated On 14 May,2019 03:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میٹرو بس کے منصوبے پر لاگت سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی ٹو کے اجلاس میں پیش کر دی گئی، منصوبے پر 29 ارب 86 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

لاہور میٹرو بس منصوبے کی لاگت کے حوالے سے متضاد دعوے اور الزام سامنے آتے رہے، تحریک انصاف اس منصوبے کی لاگت پر تنقید کرتے ہوئے حکومتی اعداد و شمار سے اختلاف کرتی رہی تاہم پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی ٹو نے لاہور میٹرو بس منصوبے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پبلک اکاونٹس کمیٹی ٹو کے چیئرمین حکومتی رکن سید یاور عباس بخاری ہیں، اس کمیٹی میں پیش کی جانے والی آڈ یٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میٹرو بس منصوبہ تقریباً 29 ارب 86 کروڑ روپے میں مکمل ہوا۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میٹرو بس منصوبہ کا تخمینہ 30 ارب روپے سے زائد رکھا گیا تھا تاہم اس منصوبے کو 30 ارب روپے سے کم لاگت پر مکمل کیا گیا، اس رپورٹ کے بعد مسلم لیگ ن کا میٹرو بس اخراجات کے حوالے سے دعویٰ سچ ثابت ہوا ہے۔
 

Advertisement