پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ اور فارورڈ بلاک بنانے کی تیاریاں تیز

Last Updated On 01 July,2019 10:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں ماہ وزیراعظم عمران خان سے مزید پندرہ منحرف لیگی ارکان کی ملاقات کرائی جائے گی۔ اگست میں بھی مزید ارکان توڑے جائیں گے۔ سات لیگی ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی تردید اور چار نے تصدیق کر دی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ اور فارورڈ بلاک بنانے کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے اپوزیشن کے منحرف ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں مرحلہ وار کروائی جائیں گی۔

جولائی میں اپوزیشن کے مزید 15 ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے جبکہ اگست میں بھی ملاقات کروائی جائے گی۔ پنجاب میں فارورڈ بلاک کی تشکیل کیلئے مختلف تجاویز پر مشاورت جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے ملنے والے لیگی ارکان ملاقات کا اعتراف یا انکار بارے کنفیوژ ن کا شکار ہیں۔ 13 لیگی ارکان میں سے 7 ارکان اسمبلی نے تردید کی جبکہ چار نے ڈنکے کی چوٹ پر اعتراف کر لیا ہے۔

جلیل احمد شرقپوری اور یونس انصاری نے وزیراعظم سے ملاقات کا کھل کر اعتراف کیا جبکہ نشاط ڈاہا نے بھی قیادت کو ملاقات کا صاف صاف بتا دیا ہے۔

غیاث الدین نے بھی اعتراف کیا کہ ان کی وزیراعظم سے حلقے کے مسائل کے حل کے لئے ملاقات ہوئی۔ لیگی ارکان عطا الرحمن، قاسم ہنجرا، محمود الحق کا ملاقات کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب شعیب اویسی، اشرف انصاری اور فیصل نیازی بھی ملاقات کا اعتراف نہیں کر رہے۔ چودھری ارشد کا کہنا ہے کہ ان کی وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ جبکہ دو ارکان اسمبلی غضنر لنگا اور اظہر چانڈ بھی کنفوژن کا شکار ہیں کہ وہ ملاقات کا اعتراف کریں یا انکار؟
 

Advertisement