مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ، حکومت نے اپوزیشن کیساتھ مذاکرات کا فیصلہ کرلیا

Last Updated On 16 October,2019 07:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کور کمیٹی نے پنجاب اور خیبر پختونخواا میں فوری غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کروانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے وزیراعظم اپوزیشن کے تحفظات سننے کو تیار ہو گئے ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں فوری غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

مذاکراتی کمیٹی میں چاروں صوبوں سے نمائندے شامل ہوں گے جو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔ کمیٹی مولانا فضل الرحمان کے مطالبات بھی سنے گی اور انہیں آزادی مارچ کی کال واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گی۔

کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس وقت معیشت اور کشمیر جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ دیگر کئی خطرات درپیش ہیں۔ حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کور کمیٹی کو غیر ملکی دوروں پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعطم نے کمیٹی کو بتایا کہ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا جبکہ ایران اور سعودی عرب تنازع پر بھی ثالثی کی کوششوں پر سعودی عرب نے مثبت جواب دیا ہے۔
 

Advertisement