خدانخواستہ نوازشریف کو کچھ ہو گیا تو سیاست مزید تلخ ہو جائیگی: شجاعت حسین

Last Updated On 11 November,2019 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے بڑے دل کامظاہرہ کریں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خدا نخواستہ مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو کچھ ہوگیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہوجائے گی۔ ایسے کسی بھی کام سے گریز کیا جائے جسکا بعد میں ازالہ نہ ہوسکے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کی بیماری پر سیاسیت نہیں کرنی چاہیئے، ملک میں چھائی غیر یقینی سیاسی حالات، افراتفری سے ملکی معیشت کو نقصان ہو گا اور عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا، سرکاری گورکھ دھندے میں الجھ گئے تو ملک میں افرا تفری ہوگی۔

اس سے قبل مسلم لیگ ق کے سربراہ چوھری شجاعت حسین نے چینی سفیر مسٹر یاؤ جنگ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین نے بھی شرکت کی۔

چینی سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے۔

چینی سفیر نے چودھری شجاعت حسین کے جذبات و احساسات کو سراہا۔

 

Advertisement