نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیاں، نیب نے احسن اقبال کو طلب کرلیا

Last Updated On 22 December,2019 10:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی منصوبے سے متعلق دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو 23 دسمبر بروز پیر کو طلبی کا سمن جاری کر دیا گیا ہے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ان سے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق تفتیش کرے گی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی کیس سے منتقل دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب کے بلوانے پر ضرور جائیں گے۔ سپورٹس سٹی منصوبہ میں کوئی کرپشن نہیں کی۔ میرا اس منصوبہ کے تعمیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں، کرپشن کے بے بنیاد الزامات سے کردار کشی کی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال ہندوستان کا حصہ نہیں، پاکستان میں ہے۔ پشاور بی آر ٹی کے ہوتے کسی اور منصوبے کی تفتیش ایک مذاق ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نیازی کی فرمائش ہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر لیڈر اندر کریں۔

Advertisement