ملتان: قبرستانوں پر بھی قبضہ مافیا کا راج، غیر قانونی مکانات و دکانوں کی تعمیر جاری

Last Updated On 05 January,2020 12:27 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے قبرستان بھی قبضہ مافیا سے محفوظ نہ رہ سکے، غیر قانونی طور پر مکانات اور دکانوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے، قبضہ مافیا نے مسلح افراد کو بٹھا کر شہریوں میں بھی خوف وہراس پھیلا دیا۔

انتظامیہ کی جانب سے شہر خموشاں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث با اثر افراد نے قبروں کی جگہ پر گھروں کے ساتھ کمرشل تعمیرات بھی شروع کر دی ہیں۔ ممتاز آباد، حسن پروانہ، جلال باقری اور عید گاہ سمیت شہر کے کئی قبرستان ایسے ہیں جہاں پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ کر مسلح افراد بٹھا دیئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ قبرستانوں کی زمینوں پر تجاوزات اور مکانات کی تعمیر کروانے والے مافیا سے بے خبر نہیں تاہم قبضہ مافیا کے خلاف موثر کاروائی کرنے میں ناکام ضرور ہے۔

شہر خموشاں کی زمینوں پر زبردستی قابض ہونے والے مافیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر شہریوں نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 

 

Advertisement