لاہور میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہی

Last Updated On 10 August,2020 03:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، مختلف علاقوں میں نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے جس سے عوام مشکلات کا شکار رہے۔ بادل برستے ہی لیسکیو کا سسٹم بھی بیٹھ گیا، کئی علاقوں‌ میں‌ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

بادل جم کر برسے تو لاہور کے نشیبی علاقے پانی پانی ہو گئے۔ ایئر پورٹ ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، جی ٹی روڈ، ایک موریہ پل، حاجی کیمپ اور اچھرہ سمیت دیگر مقامات ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے۔ ہر طرف پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں۔

بارش کے بعد لیسکو کا سسٹم بھی بیٹھ گیا، بیشتر علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ تیز بارش کے بعد اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
 

Advertisement