نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض، بینکوں کوبروقت اعانت یقینی بنائی جائیگی : وزیراعظم

Published On 10 October,2020 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کوآسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں کو بروقت اعانت یقینی بنائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان کاروبار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف بینکوں کے صدور اور سربراہان کے ساتھ ملاقات میں کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے دوران بتایاگیا کہ سکیم میں 21 بینک شامل ہیں، بینک اس سال 15 ارب روپے کا قرض فراہم کریںگے۔ اجلاس میں قرضوں کی بلاتعطل تقسیم یقینی بنانے اور سکیم کی کامیابی کیلئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیاگیا ۔ کامیاب جوان کاروبار سکیم کے بارے میں پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے وزیراعظم کو پیش کی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ بینکوں کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

انہوں نے کامیاب جوان سکیم میں تمام بینکوں کی مکمل شرکت اور دلچسپی کوسراہتے ہوئے کہاکہ ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے بعد نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں بینکوں کا تعاون قابل تعریف ہے۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے کہاکہ حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے تین سال کیلئے ایک سو ارب روپے مختص کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اشیائے خورونوش سستی کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: وزیراعظم

انہوں نے کہاکہ اب تک 4 لاکھ 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور تصدیق کے بعد قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں، ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر مدد کسی بھی وقت لے سکتی ہیں۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے موٹروے ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکش لیا جائے، موٹر وے ریسٹ ایریاز پر مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں، سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی ریسٹ ایریاز میں اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 روز میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔
 

Advertisement