حفیظ شیخ بھی وفاقی وزیر بن گئے، ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب

Published On 11 December,2020 11:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حفیظ شیخ کو وفاقی وزیر بنا دیا گیا، ایوان صدر میں حلف برداری تقریب ہوئی۔ حکومتی مشیروں کی کابینہ کمیٹیوں میں شمولیت سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد عہدہ دیا گیا۔

یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے مشیران اور معاونین خصوصی کیسز کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں قرار دیا گیا کہ مشیر یا معاون خصوصی کابینہ کا رکن نہیں، اس لیے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا۔

23 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی کابینہ کا حصہ ہیں نہ ہی کارروائی میں شامل ہوسکتے ہیں، وزیر اعظم کا معاونین خصوصی کا تقرر آئین و قانون کی خلاف ورزی نہیں لیکن وزیر اعظم کے معاونین خصوصی وفاقی وزیر ہیں نہ ہی وزیر مملکت، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی صرف مراعات سے مستفید ہوسکتے ہیں، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کے پاس کوئی ایگزیکٹو اتھارٹی ہے نہ ہی پارلیمنٹ سے خطاب کرسکتے ہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مشیر ایک آئینی عہدہ ہے جس کی تعداد صرف پانچ ہوگی تاہم مشیروں کو وفاقی وزیر کا درجہ دینا صرف مراعات کے لیے ہے، وزیر اعظم کا مشیر کابینہ کمیٹی کا رکن یا سربراہ بھی نہیں ہوسکتا، عدالت نے وزیر اعظم کے مشیر حفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور عشرت حسین کی کابینہ کمیٹی میں شمولیت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا تھا۔
 

Advertisement