سابق صدر اوباما نے ہیلری کلنٹن کے خلاف تحقیقات رکوائیں، ٹرمپ

Last Updated On 31 December,2018 09:32 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) رواں برس تجارتی جنگ کے باوجود چین سے معاہدے اچھے طریقے سے آگے بڑھے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر طویل اور مثبت گفتگو ہوئی،امریکی صدر

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سابق صدر اوباما کی حکومت میں محکمہ انصاف اور ایف بی آئی نے ہیلری کلنٹن کے خلاف تحقیقات رکوائیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سابق صدر اوباما کی زیر پرستی محکمہ انصاف اور ایف بی آئی نے ہیلری کلنٹن کے خلاف تحقیقات میں دھاندلی سے کام لیا اور حقائق کو تبدیل کرکے انہیں فائدہ پہنچایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا یہ بات اب سچ ثابت ہوگئی ہے کہ ہیلری کلنٹن کیخلاف تحقیقات کا رخ موڑ کر میری جانب کردیا گیا تاہم اب غیر قانونی طریقوں اور کرپشن سے متعلق درست حقائق سامنے آگئے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدے میں بڑی پیش رفت کے امکان کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر طویل اور مثبت بات چیت ہوئی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ رواں برس تجارتی جنگ کے باوجود امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے اچھے طریقے سے آگے بڑھے جب کہ تجارتی تنازعے کے خاتمے اور کسی معاہدے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

Advertisement