2021 تک تھر کوئلے سے بجلی کی کُل پیداوار 3000 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی: تھر کول مائننگ کمپنی
کراچی (دنیا نیوز) تھر کوئلے سے 660 میگاواٹ بجلی جون 2019 میں پیدا ہونا شروع ہو جائے گی۔ اینگرو تھر کول مائنگ کمپنی کے مطابق 2021 تک تھر کوئلے سے بجلی کی کُل پیداوار 3000 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا منصوبہ اب خواب کے بجائے حقیقت کا روپ دھارتا جارہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے سے اس پروجیکٹ کا تقریبا 10 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اس وقت پاور پلانٹ اور کوئلے کی تلاش کا کام بیک وقت جاری ہے۔ اینگرو کول مائنگ کمپنی کے منتظم اعلیٰ شمس الدین احمد کے مطابق تھر کوئلے سے 660 میگاواٹ بجلی جون 2019 میں حاصل ہونا شروع ہوجائے گی جبکہ 330 میگاواٹ کے مزید دو منصوبے دسمبر 2019 میں مکمل کر لئے جائیں گے۔ شمس الدین احمد کا کہنا تھا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے مزید 5 منصوبے 2021 تک مکمل کر لئے جائیں گے جس سے تھر کوئلے سے بجلی کی کُل پیداوار 3000 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ تھر کوئلے کے منصوبے پر تقریبا 85 کروڑ ڈالر کی سرمایا کاری کی جائے گی۔