چین، دبئی اور کینیا میں پاکستانی چاول کی دھوم

Published On 10 Mar 2018 05:54 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) چین، دبئی اور کینیا میں پاکستانی چاول کی دھوم مچ گئی۔ 8 ماہ میں چاول کی برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانی چاول کو خوب پسند کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جولائی سے فروری کے دوران چاول کی برآمدات 27 فیصد اضافے سے 1 ارب 22 کروڑ ڈالر تک پہنچ گی ہیں۔ گزشہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران صرف 96 کروڑ ڈالر کے چاول برآمد کیے گے تھے۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں چاول کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی چاول اپنے معیار اور کم قیمت کے باعث دنیا بھر میں پسند کیے جارہے ہیں۔ چین، دبئی اور کینیا کی منڈی میں پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی چاول کی برآمدات میں مزید اضافے کا رجحان جاری ہے۔