اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) تجزیاتی رپورٹ کے مطابق بجٹ اخراجات کا صرف 44.8 فیصد حصہ ٹیکس محصولات سے پورا کیا جاتا ہے۔
ملک میں بجٹ اخراجات کا صرف 44.8 فیصد حصہ ٹیکس محصولات سے پورا کیا جاتا ہے جبکہ بنگلہ دیش میں یہ شرح 64.1 فیصد اور بھارت میں 60.6 فیصد ہے۔ ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش بجٹ اخراجات کے 7.8 فیصد کے مساوی وصولیاں کرتا ہے جبکہ بھارت میں دس فیصد اور پاکستان میں حکومتی اخراجات کو پورا کرنے کیلئے صرف 7.5 فیصد نان ٹیکس وصولیوں سے رقم حاصل کی جاتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے بنگلہ دیش مجموعی بجٹ کے 27.7 فیصد کے مساوی قرضہ حاصل کرتا ہے جبکہ بھارت میں یہ شرح 25.6 فیصد اور پاکستان میں 41.3 فیصد ہے۔ بجٹ خسارے کو کم کرنے اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کیلئے نجی شعبہ کے شراکت داروں اور ماہرین معیشت کی مشاورت سے جامع پالیسی مرتب کرکے اقدامات کی ضرورت ہے۔