فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں رواں برس گندم خریداری سیزن کے دوران محکمہ خوراک کی جانب سے برتی گئی غفلت کے باعث گندم کے فقدان کے خدشات منڈلانے لگے جبکہ گندم کی قلت کے باعث 200 آٹا چکیوں کو گندم کی سپلائی بھی روک دی گئی۔
فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی غفلت اور ناقص حکمت عملی کھل کرسامنے آ گئی۔ رواں برس گندم خریداری سیزن کے دوران 1 لاکھ 45 ہزار ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ تو رکھا گیا مگر غلط پالسیوں کی وجہ سے صرف 92 ہزار ٹن گندم خریدی جا سکی۔
گوداموں میں گندم کا سٹاک کم ہونے سے محکمہ کی جانب سے شہر بھر کی 200 سے زائد آٹا چکیوں کو بھی گندم کی سپلائی روک دی گئی جس سے آٹا چکی مالکان بھی مسائل کا شکار بن گئے۔
سرکاری سطح پر گندم کے فقدان کے خدشات کے باعث مارکیٹوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے البتہ معاملے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کہتے ہیں کہ موسمی اثرات کی وجہ سے گندم کی پیداوار متاثر ہوئی تھی اور مارکیٹوں میں قیمتوں میں کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ اگر محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مئوثر اقدامات عمل میں نہ لائے گئے تو شہریوں کو اس حوالے سے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔