اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے انسداد کورونا اور ریلیف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کو ایک ارب 38 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کورونا کیخلاف جنگ میں پاکستان کیلئے اچھی خبر، آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1 ارب 38 کروڑ ڈالرز کی منظوری دے دی، جاری اعلامیے میں پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی گئی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کے لیے فنڈز کی منظوری دی، رقم کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے استعمال کی جاسکے گی، پاکستان بیرونی ادائیگیوں کیلئے ہنگامی ضروریات پوری کر سکے گا۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق کورونا کے باعث معاشی صورت حال غیر یقینی کا شکار ہے، فنڈ سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، کورونا کے پاکستانی معیشت پر انتہائی اہم اثرات مرتب ہو رہے ہیں، پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے تیزی سے اقدامات کئے، حکومت پاکستان صحت عامہ پر اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے اثرات کم ہوتے ہی مذاکرات دوبارہ شروع کئے جائیں گے، پاکستان کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے موجودہ پروگرام کے تحت بات چیت ہوگی۔