کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے متاثرہ 100 سے زائد ممالک نے مالی معاونت کے لئے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے رابطہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں تو 100 سے زائد ممالک نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے رابطہ کرلیا ،، بڑھتی ہوئی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف نے ہنگامی مالی معاونت کو دگنا کردیا۔
آئی ایم ایف کے مطابق ریپڈ کریڈٹ فنانسنگ سے 100 ارب ڈالر تک کی طلب پوری کی جاسکتی ہے اور اب تک 50 ممالک کو 18 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ غریب ممالک کے لئے قرضوں کی ادائیگوں کو بھی موخر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے فیصلوں کی جی 20 ممالک نے بھی توثیق کی ہے ۔۔
واضح رہے کہ پاکستان کو بھی ریپڈ کریڈٹ فنانس سے اب تک ایک ارب 38 کروڑ ڈالر کا قرض مل چکا ہے۔