پشاور: (دنیا نیوز) پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا، پشاورمیں مرغی، آٹا، گھی، دالیں اور چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں، شہری کہتے ہیں تیل کی قیمت بڑھنے پرمہنگائی کردی جاتی ہے لیکن سستا ہونے پر کوئی تبدیلی نہ آتی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی نہیں ہو سکی،لاک ڈائون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آڑھتیوں، دکانداروں، پرچوں اور تھوک فروشوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کررکھا ہے۔
شہری کہتے ہیں تیل کی قیمت بڑھنے پر راتوں رات مہنگائی کر دی جاتی ہے لیکن قیمت گرنے پر کسی قسم کی تبدیلی نہیں آتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دلانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ حکومت کا اچھا اقدام ہے تاہم اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیےاقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔