عید پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوا تو کورونا کیسز کی تعداد بڑھے گی: اجمل وزیر

Last Updated On 23 May,2020 03:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے عید پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوا تو کیسز کی تعداد بڑھے گی، صورتحال بگڑی تو لاک ڈاؤن سخت کرنا پڑے گا، چاند رات پر ہوائی فائرنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا طیارہ حادثہ اور کورونا کے باعث عید سادگی سے منائیں گے، کورونا ہیلپ لائن 1700 پر ایک لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں، ہیلپ لائن پر عوام کو کورونا وبا سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے، اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا کیخلاف دن رات ایک کر دیا۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا اٹلی جیسے ملک میں ہیلتھ سسٹم چوک ہوگیا، اللہ کے کرم سے پاکستان میں ایسا نہیں ہوا، کورونا وبا کب تک رہے گی، کچھ نہیں کہہ سکتے، عوامی خدمت کیلئے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہم کورونا کو شکست دے سکتے ہیں، عید کا موقع ہمارے لیے ٹیسٹنگ کیس ہے، یہ عید ڈاکٹرز اور طبی عملے کے نام کرنی ہے۔
 

Advertisement