اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں جمعتہ الوداع مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا، پنجاب، سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی مساجد میں ایس او پی کے تحت نماز ادا کی گئی جس میں ملکی سلامتی، ترقی اور کورونا سے نجات کیلئے دعائیں کی گئیں۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے مساجد میں حکومتی ضابطہ کار کے تحت نماز ادا کی، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی ایس او پی کے تحت نماز کی ادائیگی ہوئی، نمازی مناسب فاصلے پر کھڑے ہوئے اور حکومتی احکامات پر عمل کیا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی، استحکام اور مہلک وبا سے ملک کو محفوظ رکھنے کیلئے دعائیں کی گئیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جمعتہ الوداع کے موقع پر چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی نماز سے متعلق حکومتی احکامات پر من وعن عمل کیا گیا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 50 ہزار 694 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 67 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2603 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 18 ہزار 455، سندھ میں 19 ہزار 924، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 155، بلوچستان میں 3 ہزار 74، گلگت بلتستان میں 602، اسلام آباد میں ایک ہزار 326 جبکہ آزاد کشمیر میں 158 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 4 لاکھ 29 ہزار 600 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 387 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 15 ہزار 201 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔