پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کرلیا۔ اجمل وزیر نے کہا وزیراعلیٰ اور ہم سب نے فیصلہ کیا ہےعید پر نئے کپڑے نہیں بنائیں گے، پسماندہ اور غریب طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سماجی فاصلہ اپنانے کے اصول پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، ایس او پیز پر عمل کرنا ہمارے اپنے مفاد میں ہے، خلیجی ممالک سے پروازیں بحال کر دی گئیں، عید پر بھی سماجی دوری کا خاص خیال رکھنا ہوگا، عوام رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی مثال نہیں ملتی۔
اجمل وزیر کا کہنا تھا وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت وقت سے متعلق کمیشن رپورٹ پبلک کی، فیصلہ کرنا ہے ملک کو مخصوص لوٹ کھسوٹ گروپس پر چھوڑنا ہے یا اس سے نجات دلانی ہے۔