اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں چینی کی قیمتوں کی اُڑان جاری ہے، وفاقی دارالحکومت میں سب سے زیادہ مہنگی جبکہ سرگودھا میں سستی چینی فروخت ہونے لگی۔
ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 17 میں سے 9 بڑے شہروں میں چینی100 روپے فی کلوہو گئی ہے، اسلام آباد میں چینی کی قیمت 110 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 97 روپے 62 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی، ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 110 روپے فی کلو ہے ادارہ شماریات ملک میں چینی کی کم از کم قیمت 95 روپے فی کلو ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق پشاور میں چینی 105 روپے تک فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، کراچی اور لاڑکانہ میں چینی 100روپے تک فی کلو میں بک رہی ہے، راولپنڈی, لاہور اور سیالکوٹ میں چینی کے نرخ 100 روپے ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ اور بہاولپور میں بھی چینی 100 روپے تک فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بنوں میں چینی کی قیمت 98 روپے تک فی کلو ہے۔ سرگودھا اور خضدار میں چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.24 فیصد کا اضافہ
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 28 روپے مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں اوسط 1 روپے اضافہ ہوا، ٹماٹر18 اور پیاز 8 روپے فی کلو مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 128 روپے فی کلو تک پہنچ گئے، انڈے فی درجن 16روپے مہنگے ہوئے، مرغی برائلر 9 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، آلو 1 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق دال چنا، چاول، دہی اور لہسن مہنگا ہوا، تازہ دودھ، ایل پی جی، گوشت اور کوکنگ آئل بھی مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کیلے دال مونگ دال ماش اور گڑ کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔