لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق صوبے کے آئندہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں 4 کھرب 80ارب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ابتدائی تجاویز شامل ہیں۔ لاہور کے لیے 62 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ نئے مالی سال میں 2 کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کرنے کی تجویز ہے، ایک کھرب 30 ارب روپے سے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کو ایک ارب نوے کروڑ روپے ترقیاتی اسکیموں کےلئے دیئے جائیں گے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے پنجاب حکومت سے آئندہ مالی میں 78 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے یونیورسل ہیلتھ کوریج منصوبے کیلئے 60 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ میں ڈی ایچ کیو میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب 23 کروڑ روپے مختص کیے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔
گجرات یونیورسٹی، نواز شریف میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو گجرات کیلئے 35 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں نئے بلاک کی تعمیر کیلئے محکمہ صحت پنجاب نے 70 کروڑ روپے مانگ لیے۔ پی کے ایل آئی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔