وزیراعظم کا ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کی کوششوں پر اظہار اطمینان

Published On 29 July,2021 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ پر غور ہوا، اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجیز زونز کے قیام کے حوالےسے بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں اور معاشی ترقی کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی زونز بنا رہے ہیں، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اس سلسلے میں منظور شدہ باقی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کی کوششیں پر اطمینان ہے، تاجر برادری کی زیادہ سے زیادہ سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ کوالٹی کنٹرول کے لئے بین الاقوامی معیار کی درجہ بندی کی حکمت عملی متعارف کرانی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مشورے سے کم شرح پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ٹیکنالوجی زونز کی بڑھتی تعداد سے ٹیک بزنس کو فروغ ملنے میں آسانی پیدا ہو گی۔ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر میں زونز کے قیام کی طرف یکساں توجہ دی جائے۔
 

Advertisement