اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرط پر پاور سیکٹر میں سبسڈی کے لیے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط پر پاور سیکٹر میں سبسڈی کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، پاور ڈویژن نے سبسڈی سے متعلق درخواست نیپرا میں دائر کر دی جس پر 9 اگست کو درخواست سنی جائے گی۔
لائف لائن صارفین کے لیے سلیب 50 سے بڑھاکر 100 یونٹ کرنے کی تجویز کی گئی ہے جبکہ ماہانہ 200 یونٹ کیلئے پروٹیکٹڈ صارفین کی نئی کٹیگری بنانے کی تجویز کی گئی ہے۔ 301 سے 700 یونٹ کے سلیب کو 4 سلیبز میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نیپرا نے درخواست میں 301 سے 400 اور401 سے 500، 501 سے 600 اور 601 سے 700 یونٹ والے صارفین کے لیے بھی الگ سلیب بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سلیبز بنانے سے بجلی کے ٹیرف پر کوئی فرق نہیں پڑے گا جب کہ اس اقدام کا مقصد پاورسیکٹر میں سبسڈی کا از سر نو تعین کرنا ہے۔