خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 220 روپے کا اضافہ

Published On 04 October,2021 09:03 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں آٹے کے نرخوں میں اضافے سمیت بحران کے خدشات پیدا ہو گئے، 85 کلوآٹے کی بوری 5 ہزار 600 سے بڑھ کر 6 ہزار روپے ہو گئی، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 220 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

خیبرپختونخوا کو پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر مبینہ طور پر پابندی اور قیمتوں میں اضافے سے پشاور میں آٹے کے نرخوں میں یکمشت اضافہ ہو گیا، پابندی سے صوبے میں آٹے کا بحران پیدا ہونے کے بھی خدشات بڑھ گئے۔

پشاور کی اوپن مارکیٹ میں 85 کلو آٹے کی بوری میں ایک ہی دن میں 400 روپے کا اضافہ ہو گیا، 5 ہزار 600 روپے میں ملنے والی بوری کی قیمت اب 6 ہزار روپے ہو گئی ہے، آٹا ڈیلر اور تاجر بھی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور پابندیوں سے پریشان ہیں، کہتے ہیں خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کیساتھ معاملات طے کرے۔

شہرمیں 20 کلو آٹے کی تھیلے کی قیمت میں 200 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور فی تھیلا 1130 روپے سے بڑھ کر 1350 روپےکا ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی بڑھنے سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

آٹے کے نرخ بڑھنے سے شہر میں روٹی کی قیمت میں بھی اضافے کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement