آئی سی سی نے بنگلہ دیشی صحافیوں کو ٹی 20 ورلڈکپ کی کوریج سے روک دیا

آئی سی سی نے بنگلہ دیشی صحافیوں کو ٹی 20 ورلڈکپ کی کوریج سے روک دیا

چیئرمین میڈیا کمیٹی بنگلہ کرکٹ بورڈ امجد حسین کے مطابق بنگلہ دیش کے 130 سے 150 صحافیوں نے ایکریڈیشن کے لیے اپلائی کیا تھا، کئی ایسے صحافی ہیں جن کی ایکریڈیشن ہو چکی تھی مگر بعد میں مسترد کی گئی۔

خیال رہے کہ کسی ملک کی ٹیم نہ بھی کھیلے تو آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو ایکریڈیشن دیتی ہے۔

امجد حسین نے بتایا کہ میرے علم کے مطابق درخواست دینے والے تمام بنگلہ دیشی صحافیوں کو مسترد کر دیا گیا، اس سال تقریباً 130 سے 150 صحافیوں نے درخواست دی تھی، لیکن کسی کو بھی ایکریڈیشن نہیں ملی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں سکیورٹی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے سکیورٹی تحفظات پر کسی دوسرے مقام پر میچ منتقل کرنے کی حمایت کی تھی، ان دنوں پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کے متعلق بھی شکوک و شبہات سر اٹھا رہے ہیں۔