ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں موسم تبدیل ہوتے ہی لنڈا بازار کی قیمتوں میں سو فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت سستے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی تلاش میں خوار ہو رہی ہے۔
ملتان میں سردی پڑتے ہی شہریوں نے سستے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی خریداری کیلئے لنڈا بازار کا رخ کر لیا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں لنڈا اشیا کی قیمتیں چائنہ کا مال ہونے کے باوجود انتہائی زیادہ ہیں جس کی وجہ سے گرم کوٹ کی قیمت 800 روپے، شلوار قیمض کی پانچ سو، پینٹ اور جرسی کی چار سو جبکہ شرٹس کی قیمت تین سو روپے تک پہنچ چکی ہے تاہم جرابیں اور ہیٹس کی قیمت بھی سو روپے بٹوری جا رہی ہے جس سے لنڈا مال خریدنا بھی شہریوں کیلئے مشکل ہو گیا ہے۔
دکانداروں کا موقف ہے کہ رواں سال لنڈے کے کپڑوں کی قیمت میں سو فیصد اضافہ مال محدود ہونے کا نتیجہ ہے جبکہ رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کر دی ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑے گا۔
لنڈے کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے سے شہریوں کی قوت خرید کافی حد تک کم ہو گئی ہے، اسی لیے لنڈے کے خریداروں نے قیمتوں کے حوالے سے حکومت سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔