مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ نہ تھم سکا، 21اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

Published On 03 December,2021 06:01 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ نہ تھم سکا اور مجموعی شرح 18.35 فیصد ہوگئی جبکہ ایک ہفتے میں 21اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں دال مسور 4 روپے 77 پیسے مہنگی ہوئی ،دال ماش 5 روپے 62 پیسے فی کلو،دال مونگ 3 روپے 41 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 9 روپے 63 پیسے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بیف ایک روپے 30پیسے فی کلو، مٹن ایک روپے 98 پیسے فی کلو مہنگا ہوگیا جبکہ حالیہ ہفتے 11اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر 19 روپے 53 پیسے فی کلو سستے ہوئے ،پیاز 3 روپے 25 پیسے فی کلو، برائلر مرغی کی قیمت میں 19 روپے 40 پیسے فی کلو کی کمی ہوئی ،ایک ہفتے میں چینی ایک روپے 42 پیسے فی کلو سستی ہوئی ہے ،حالیہ ہفتے انڈے 2 روپے 66 پیسے فی درجن، آلو 4پیسےفی کلو سستے ہوئے ۔

آٹے کا 20کلو کا تھیلا 6 روپے 84 پیسے سستا ہوا ،حالیہ ہفتے 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.48 فیصد کی کمی ہوئی۔
 

Advertisement