فاروق ستار کی (ن) لیگی قیادت سے ملاقات،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 03 December,2021 05:19 pm

لاہور:(دنیا نیوز)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے سابق رہنما فاروق ستار نے لاہور میں ن لیگی قیادت سے ملاقات جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نےکہا کہ آج پاکستان کی معاشی خودمختاری کوآئی ایم ایف کے سامنے سرنڈرکردیا گیا، پاکستان دنیا کا ایک مرکزبن رہا تھا اور آج عالمی گداگربن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام جمہوریت پسند قوتوں کوپاکستان کوبچانے کے لیے کردارادا کرنا ہوگا، ایک برادرملک کے سامنے پاکستان کوسرنڈرکردیا گیا، ہم ہنستا بستا پاکستان چھوڑکرگئے تھےجبکہ پانچ سے زائد وزرائے خزانہ تبدیل کیے جاچکے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سفارت خانوں کوتین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں،یہ ڈیفالٹ کرگئے ہیں، قومی سطح پرتمام جمہوری قوتوں کواشتراک عمل کرنا چاہیے، فاروق ستارکی کوششوں کوسراہتے ہیں۔

فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کو بڑے چیلنج لاحق ہیں جبکہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔