اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملکی معاشی صورتحال کو خطرناک ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس تنخواہوں، پنشن اور حکومت چلانے کیلئے قرض لینا پڑے گا۔
صدر مسلم لیگ نون و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں تاریخی اضافہ کے نتیجے میں ڈالرز میں قرض لینا پڑے گا، ڈالرز میں قرض نہ لیا تو پھر غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گریں گے، حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے کہ ماضی کے قرض کی ادائیگی کے لئے قرض لے رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حقائق اور دستاویزات پی ٹی آئی حکومت کے اس جھوٹ کی نفی کر رہے ہیں، یہ سب قرض قومی معیشت کی تباہی، غلط فیصلوں اور معاشی غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہے، غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں قومی معیشت کو قرض پر چلنی والی اکانومی بنا دیا گیا، نواز شریف دور میں قومی معیشت، قومی آمدن بڑھ رہی تھی، نواز شریف دور میں شرح ترقی میں اضافے سے معیشت دوبارہ زندہ ہو رہی تھی، آئی ایم ایف سے موجودہ معاہدہ پاکستان کی معیشت کی بنیاد میں بارود بھرنے کے مترادف ہے۔