اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بلدیاتی الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کرچکا، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی 2 سال تاخیر ہوچکی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے۔
سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ جسٹس منصور علی نےریمارکس دیئے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی۔
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔