اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وفد کو پاکستان میں خوراک و زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں پر بریفنگ دی گئی۔
محمد حسن السویدی نے اے ڈی کیو کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی۔ اے ڈی کیو مشرق وسطیٰ کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے پاس ابوظہبی کی نان آئل معیشت کے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کے متنوع پورٹ فولیو ہیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی (اے ڈی کیو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی (آئی ایچ سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شعیب اور دیگر شامل تھے۔